شہزادی ڈیانا کے نام سے منسوب ادارہ بند، شہزادہ ولیم نے دکھ کا اظہار کر دیا

شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم فلاحی ادارہ انتظامی بحران کے بعد اپنے فرائض جاری نہیں رکھ سکے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، شہزادہ ولیم نے ادارے کے خاتمے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے برسوں تک نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے محنت کی۔
ڈیانا ایوارڈ نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ یہ فیصلہ بھاری دل کے ساتھ کیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق آزادانہ مشورے کے بعد واضح ہوا کہ وہ اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کے قابل نہیں رہا، اس لیے انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ یہ وہ انجام نہیں تھا جس کی کسی نے خواہش کی تھی۔
ادارے کا قیام 27 برس پہلے ڈیانا، شہزادی آف ویلز، کے اس یقین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے عمل میں آیا تھا کہ نوجوان اپنی برادری، ملک اور دنیا میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔ اس نے سماجی خدمت اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے 50 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو ایوارڈ دیا، جبکہ کئی ہزار دیگر افراد کو مختلف پروگراموں کے ذریعے مدد فراہم کی۔
ادارے نے اپنے بیان میں نوجوانوں کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ تنظیمی فیصلے سے ان کی خدمات کی اہمیت کم نہیں ہوگی۔ شہزادہ ولیم کے بھائی، شہزادہ ہیری، بھی اس خیراتی ادارے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئی تھیں۔
ذریعہ ↗