علیمہ خان کی حراست کے خلاف درخواست پر جلد سماعت منظور

لاہور ہائی کورٹ نے علیمہ خان کی حراست کے احکامات کو چیلنج کرنے والی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا منظور کر لی ہے۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت دی کہ درخواست جلد تاریخ پر سماعت کے لیے پیش کی جائے۔ جسٹس ابرار گل خان نے علیمہ خان کی حراست سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
درخواست علیمہ خان کے بیٹے شہریز خان نے دائر کی تھی۔ انہوں نے ایک متفرق درخواست کے ذریعے اصل معاملے کی جلد سماعت کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ درخواست میں پنجاب حکومت، محکمہ داخلہ، لاہور کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کے خلاف جاری کیے گئے حراستی احکامات کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کرنے کی استدعا کی۔ ان کا مؤقف ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کی دفعہ 3 میں مقررہ طریقۂ کار پر عمل کیے بغیر احکامات جاری کیے۔
درخواست کے مطابق علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد حراست کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس مقدمہ نمبر 96/23 میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو پہلے ہی بے قصور قرار دے چکی ہے۔ عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ احکامات غیر قانونی قرار دے کر ختم کیے جائیں۔ خبر کے مطابق عظمیٰ خان اور نورین نیازی پہلے ہی رہا ہو چکی ہیں۔
ذریعہ ↗